مڈی کیری 26/نومبر (ایس او نیوز)کورگ کے ایس پی ڈاکٹر راجیندر پرساد کے بیان کے مطابق خوشحال نگر سے قریب ہوسپٹنا میں 24نومبر کی رات کو ہونے والی ڈکیتی میں ملوث منگلورو کے چار ملزمین کو گرفتار کیا گیا ہے۔
گرفتار شدہ ملزمین کی شناخت عبدالرحیم عرف ضیاء (24سال)پیشے سے لاری ڈرائیور،محمد آلیف(28 سال) گجری ڈیلرجس پر گھروں میں چوری اور قتل کے 19معاملات درج ہیں، محمد فیاض(28 سال) مچھلی بیوپاری جس پر چوری اور قتل کے 13معاملے درج ہیں اور پیشے سے ٹیلر جعفر صادق کے طور پر کی گئی ہے جس پر قتل کا معاملہ درج ہے۔
پولیس کے بیان کے مطابق ان کے دیگر4 ساتھی مفرور ہیں جن کے نام نظام عرف نِجّو، مجید، سالیات عرف سالیت اور جلال بتائے جاتے ہیں۔ان سب نے مل کر خوشحال نگرمیں آٹو ڈرائیور کرشنا کی مدد سے ڈکیتی کی سازش رچی۔اور پھر ہوسپٹنا میں شام کے وقت پہنچ کر کافی کے باغ میں چھپ گئے اور شیو کمار کے گھر کا دروازہ کھلنے کا انتظار کرنے لگے۔شیوکمار کا چچازاد بھائی پوجا کے لئے پھول لینے گھر سے باہر آیا تو ان لوگوں نے اس کو تیز دھاروار والے ہتھیار دکھاکراسے اپنے قبضے میں لیا اور پھر اس کے ساتھ گھر میں داخل ہوکر شیوکمار وشواناتھ اور شیوکمار کے پڑوسی ایشور کی خوب پٹائی کی،ان کے منھ پر ٹیپ چپکائے اورہاتھ پیر باندھنے کے بعد گھر سے 40لاکھ روپے مالیت کے زیورات اور نقدی لے کر فرار ہوگئے۔
پولیس نے تمام زاویوں سے تحقیقات کے بعد ان ملزمین کو اپنی گرفت میں لے لیا۔ ان کے قبضے سے 42,700روپے نقد، 4سونے انگوٹھیاں،2سونے کی چین،1نیکلیس، 1منگل سوتر3سونے کی چوڑیوں کے علاوہ 2لمبے چھرے ضبط کرلیے ہیں۔